
بلغاریہ یکم جنوری 2026 سے یوروزون کا 21واں رکن بن گیا: یورو باضابطہ طور پر قومی کرنسی قرار
صوفیہ، یورپ ٹوڈے: بلغاریہ نے یکم جنوری 2026 سے باضابطہ طور پر یورو کو اپنی قومی کرنسی کے طور پر اپنا لیا ہے اور اس طرح وہ یوروزون کا 21واں رکن بن گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا ہے جب بلغاریہ کو یورپی یونین میں شمولیت اختیار کیے ہوئے 19 برس مکمل ہو چکے ہیں۔
سرکاری اعلان کے مطابق جنوری کے اختتام تک بلغاریہ کی سابقہ قومی کرنسی لیو (Lev) یورو کے ساتھ ساتھ قانونی ذریعۂ ادائیگی کے طور پر قابلِ استعمال رہے گی، تاہم یکم فروری 2026 سے یورو واحد سرکاری کرنسی بن جائے گا۔ اس کے علاوہ 8 اگست 2026 تک اشیا اور خدمات کی قیمتیں یورو اور لیو دونوں میں ظاہر کی جاتی رہیں گی۔
پورے جنوری کے دوران عوام ریٹیل دکانوں پر نقد ادائیگیاں یورو اور لیو دونوں میں کر سکیں گے، جبکہ دکاندار اس بات کے پابند ہوں گے کہ بقایا رقم مکمل طور پر صرف ایک ہی کرنسی میں واپس کریں، یعنی یورو میں، یا عارضی طور پر یورو کی عدم دستیابی کی صورت میں لیو میں۔ ریٹیلرز کو ایک ہی لین دین میں دو مختلف کرنسیوں میں ادائیگی قبول کرنے یا نہ کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، تاہم اس فیصلے کو دکان میں نمایاں طور پر ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔
حکام کے مطابق تکنیکی تبدیلیوں کا عمل، جو رات ایک بجے تک جاری رہے گا، مکمل ہونے کے بعد اے ٹی ایم مشینوں سے نقد رقم صرف یورو میں ہی دستیاب ہوگی۔
سال 2026 کے دوران شہری پورے ملک میں کمرشل بینکوں سے بغیر کسی فیس یا کمیشن کے لیو کو یورو میں تبدیل کروا سکیں گے، تاہم سال کے وسط کے بعد بینک تبادلہ فیس عائد کر سکتے ہیں۔ اسی طرح 2026 میں شہری بلغاریہ پوسٹ کے دفاتر سے بھی لیو کو یورو میں تبدیل کروا سکیں گے، جبکہ بلغاریہ کا مرکزی بینک لیو کو یورو میں بلا معاوضہ تبدیل کرتا رہے گا۔