
کرانس مونٹانا اسکی ریزورٹ کے بار میں آتشزدگی، درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ
سوئٹزرلینڈ، یورپ ٹوڈے: سوئٹزرلینڈ کے مشہور اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں نئے سال کی تقریبات کے دوران ایک بار میں آگ لگنے سے درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ تقریباً 100 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 1:30 بجے “لے کونسٹیلیشن” (Le Constellation) نامی بڑے بار میں پیش آیا، جو نوجوانوں میں خاصا مقبول تھا اور اس کی بالائی و زیریں منزلیں تھیں۔
جمعرات کی صبح پریس کانفرنس میں پولیس نے بتایا کہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین کرنا ابھی ممکن نہیں، تاہم “کئی درجن” افراد کے جاں بحق ہونے کا اندیشہ ہے۔ اطالوی وزارتِ خارجہ نے سوئس پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ اموات کی تعداد تقریباً 40 ہو سکتی ہے۔ حکام کے مطابق زیادہ تر زخمی شدید جھلسنے کے باعث والیس اسپتال منتقل کیے گئے ہیں، جہاں آئی سی یو مکمل طور پر بھر چکا ہے، جبکہ پڑوسی ملک اٹلی کے شہر میلان میں موجود برن یونٹ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو کارروائیوں میں 10 ہیلی کاپٹرز، 40 ایمبولینسیں اور 150 سے زائد ایمرجنسی اہلکاروں نے حصہ لیا۔ علاقائی چیف پراسیکیوٹر بیٹریس پیلود کے مطابق متاثرین کی شناخت اور لاشوں کی فوری طور پر اہلِ خانہ کو حوالگی کے لیے کام جاری ہے، تاہم اطالوی سفیر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شدید جھلسنے کے باعث شناخت کے عمل میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق آتشزدگی کو دانستہ کارروائی (آتش زنی) قرار نہیں دیا جا رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کسی حملے کا نتیجہ نہیں تھا۔ علاقائی سکیورٹی اہلکار اسٹیفان گانزر کے مطابق آگ کے دوران ہونے والی آوازیں کسی دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے نہیں تھیں بلکہ آگ کے پھیلاؤ کے نتیجے میں اندرونی دھماکے کی کیفیت پیدا ہوئی۔
بار میں موجود دو فرانسیسی شہریوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ایک ویٹریس نے شیمپین کی بوتل پر سالگرہ کی موم بتی رکھی تھی، جس میں سے ایک موم بتی چھت کے قریب آ گئی اور لکڑی کی چھت نے فوراً آگ پکڑ لی۔ عینی شاہدین کے مطابق چند ہی سیکنڈز میں پوری چھت شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی، جبکہ تنگ راستوں اور سیڑھیوں کے باعث انخلا انتہائی مشکل ہو گیا۔
علاقائی پولیس کمانڈر فریڈرک گزلر کے مطابق دھواں سب سے پہلے رات 1:30 بجے دیکھا گیا، جس کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز کو طلب کیا گیا اور پولیس و ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
“لے کونسٹیلیشن” بار کئی برسوں سے کرانس مونٹانا میں قائم تھا اور بیک وقت تقریباً 300 افراد کی گنجائش رکھتا تھا، تاہم واقعے کے وقت وہاں موجود افراد کی درست تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔ کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات الپائن اسکی ریزورٹس کے لیے مصروف ترین اوقات ہوتے ہیں، جس کے باعث امکان ہے کہ بار میں مقامی افراد کے ساتھ بڑی تعداد میں سیاح بھی موجود تھے۔
ادھر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ مکمل یکجہتی اور برادرانہ حمایت کا اظہار کیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ میں برطانوی سفارتخانے نے بھی صورتحال پر نظر رکھنے اور متاثرہ برطانوی شہریوں کی مدد کے لیے قونصلر عملے کو الرٹ رکھنے کی تصدیق کی ہے۔