
وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان اور یورپی یونین کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم سے پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے جمعرات کو ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے ساتھ تجارت، ترقی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں بھی یورپی یونین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس) کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے قریبی تعاون پر پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص جی ایس پی پلس کے ذریعے تجارت کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے گزشتہ برس برسلز میں منعقد ہونے والے پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی روابط کے عزم کا اعادہ کیا۔
یورپی یونین کے سفیر نے مزید کہا کہ اپریل میں منعقد ہونے والے یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم کے ذریعے بھی دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔