سپین

حالیہ طوفانوں سے متاثرہ علاقوں کے لیے سپین کا 7 ارب یورو امدادی پیکج منظور

میڈرڈ،یورپ ٹوڈے: سپین کی حکومت نے حالیہ طوفانوں سے متاثرہ علاقوں ایکسٹریمادورا اور اندلس میں عوام اور کاروباری اداروں کی بحالی کے لیے تقریباً 7 ارب یورو (8 ارب ڈالر) کے مالی امدادی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

حکام کے مطابق یہ پیکج 12 ہزار 400 سے زائد بے گھر ہونے والے افراد کی معاونت کرے گا اور رہائش، کاروبار، زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں کی بحالی میں مدد فراہم کرے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر مزید نقصانات کی تصدیق ہوئی تو اضافی امداد بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق سال کے آغاز سے اب تک سپین اور پرتگال کو متعدد شدید طوفانوں کا سامنا رہا ہے، جن کے باعث بنیادی ڈھانچے اور زرعی اراضی کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا اور ہزاروں افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔

اسپین میں طوفانوں کے نتیجے میں کم از کم 14 ہزار ہیکٹر پر پھیلی فصلیں متاثر ہوئیں، جن میں بیریز، ترش پھل اور زیتون شامل ہیں۔ موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر سے اب تک اسپین میں بارشوں کی مقدار معمول سے تقریباً 38 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب ہمسایہ ملک پرتگال میں حکام نے تعمیرِ نو کے اخراجات کا تخمینہ 4 ارب یورو سے زائد لگایا ہے اور حالیہ طوفانی نقصانات کے بعد اربوں یورو کے قرضوں اور مراعاتی پیکجز متعارف کروا دیے ہیں۔

بنگلہ دیش Previous post طارق رحمان بنگلہ دیش کے نئے وزیرِاعظم مقرر، حلف اٹھا لیا
رمضان Next post جنوب مشرقی ایشیا اور دیگر ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری سے ہوگا