
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل، علاقائی امن پر زور
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) اور چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور اعلیٰ سطحی وفد نے اسلامی جمہوریہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں خطے میں پائیدار امن کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی کوششوں اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر خصوصی توجہ دی گئی۔ فیلڈ مارشل نے تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور مستقل سفارتی روابط کے ذریعے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر دلی شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے صدر، وزیرِ اعظم اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
بیان کے مطابق یہ دورہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے پرامن اور مذاکراتی حل میں پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا مظہر ہے۔