
اسحٰق ڈار اور ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے درمیان گزشتہ رات تفصیلی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔
ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال، جاری کشیدگی اور امن و استحکام کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور فریقین کے درمیان بامعنی مکالمے کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے خطے میں پاکستان کے تعمیری کردار اور پرخلوص سفارتی و ثالثی کوششوں کو سراہا۔
اسحٰق ڈار نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے کے مسائل کا پائیدار حل صرف بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے اور دوطرفہ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔