
ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ: پاکستانی معیشت میں بہتری کی توقع، مہنگائی میں کمی کا امکان
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کی معیشت سے متعلق اپنی تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں مالی سال 2024ء کے دوران پاکستانی معیشت کی بہتری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی اور میکرو اکنامک استحکام مثبت پیش رفت ہیں۔
اے ڈی بی کے مطابق مالی سال 2024ء میں پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 2.4 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ مالی سال 2025ء میں یہ شرح بڑھ کر 2.8 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم، رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ ترقی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا رہنے اور حکومتی اخراجات میں کمی کے ساتھ نجی شعبے کو فروغ دینے سے مشروط ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2023ء میں مہنگائی کی شرح 29.2 فیصد تھی، جو 2024ء میں کم ہو کر 23.4 فیصد رہ گئی۔ رپورٹ مزید بتاتی ہے کہ مالی سال 2024ء کی پہلی ششماہی میں افراطِ زر بلند رہا، لیکن دوسری ششماہی میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ اس کے نتیجے میں شرحِ سود میں بھی کمی آئی ہے۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ مالی سال 2025ء میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر 15 فیصد تک آنے کی توقع ہے، جس میں منظم شرح سود اور ایکسچینج ریٹ کے استحکام کا کلیدی کردار ہوگا۔
تاہم، ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا رہے گا، جو معاشی ترقی کے عمل کو متاثر کر سکتا ہے۔