
بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 14 دہشتگرد ہلاک، ایک جوان شہید
خضدار، یورپ ٹوڈے: بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے نال میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران 14 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان شہید ہو گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی دہشتگردوں کے پولیس اسٹیشن اور بینکوں پر حملے کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کے روز خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ علاقے میں ’’بھارتی سرپرست فتنہ الہندستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد موجود ہیں، جو قریبی پولیس اسٹیشن اور مالیاتی اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں آپریشن شروع کیا، جس کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو کامیابی سے روکا گیا اور انہیں بھرپور انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 14 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ تاہم آپریشن کے دوران ایک بہادر سپاہی لانس حوالدار محمد عباس دشمن سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے استعمال ہونے والی چار گاڑیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی موقع پر تباہ کر دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ باقی ماندہ دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔