
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان منگل کوپاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان منگل کوپاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ایرانی صدر کے ہمراہ وفاقی وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اپنے دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات بھی کریں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ بھی ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔
ایرانی صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبوں کا جامع جائزہ لیں گے اور تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے نئے امکانات پر غور کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دورہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) پر دستخط کے بعد جاری سفارتی روابط پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا، جبکہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق متوقع دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے اور یہ خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہشات کو بھی اجاگر کرتا ہے۔