
سعودی حکومت کا پاکستانی حج منتظمین اور ڈی جی حج کو ’لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ‘، وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اظہارِ فخر
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور وزارتِ مذہبی امور کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں حج 2026 کے انتظامات کو عالمی سطح پر جو پذیرائی حاصل ہوئی ہے، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بدھ کے روز وزارتِ مذہبی امور کے منتظمین اور نجی حج 2026 کے ایوارڈ یافتگان سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ خدمت، محنت اور دیانت داری وہ اوصاف ہیں جو قوموں کو عظمت عطا کرتے ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ سعودی عرب کی حکومت نے پاکستانی عازمینِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے پر تین پاکستانی نجی حج آرگنائزرز کو ’’لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ‘‘ سے نوازا ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں المعراج آرگنائزر کے محمد عفان ذیشان نے پہلی، ابراہیم آرگنائزر کے محمد شاہد رفیق نے دوسری جبکہ الفتح آرگنائزر کے زعیم اختر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو کو بھی اپنی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں ’’لبیتم ایکسی لینس ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو، المعراج آرگنائزر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عفان ذیشان، ابراہیم آرگنائزر کے سی ای او محمد شاہد رفیق اور الفتح آرگنائزر کے سی ای او زعیم اختر صدیقی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے تینوں نجی حج آرگنائزرز اور ڈی جی حج کو ایوارڈز کے حصول اور شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، وزارت کے افسران اور عملے کو بھی حج 2026 کے بہترین انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے تحت عازمینِ حج کو فراہم کی جانے والی معیاری خدمات کا واضح اعتراف ہے اور یہ پاکستان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حج آرگنائزرز نے اپنی خدمات کے ذریعے نہ صرف اللہ تعالیٰ کی رضا اور عازمینِ حج کی دعائیں حاصل کی ہیں بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ سال حج انتظامات کے دوران محنت، دیانت داری اور خدمت کے اسی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مزید بہتری لائی جائے گی اور پاکستان مزید اعزازات حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔