
غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ، 10 جولائی سے گرفتاریوں کی ہدایت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی حکومت نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 10 جولائی سے بغیر ویزا مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وفاقی وزارتِ داخلہ نے اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری آزاد جموں و کشمیر کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں متعلقہ حکام کو فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق 10 جولائی سے ایسے تمام افغان شہریوں کو گرفتار کیا جائے گا جو بغیر ویزا پاکستان میں مقیم ہوں۔ اس کے علاوہ ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام کرنے والے افغان شہریوں سمیت دیگر اوور اسٹے کیسز کی بے دخلی (ڈی پورٹیشن) کے عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزارتِ داخلہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری احکامات جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی مؤثر اور مربوط انداز میں عمل میں لائی جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر وزارتِ داخلہ کو رپورٹ ارسال کی جائے، جس میں بغیر ویزا گرفتار کیے گئے افغان شہریوں کی تعداد، ان کے خلاف کی گئی کارروائی اور ان کی موجودہ قانونی حیثیت کی تفصیلات شامل ہوں۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس میں کیا گیا، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ حکومتی فیصلوں پر مکمل اور سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔