
آپریشن شعبان میں مزید 13 خوارج ہلاک، مجموعی تعداد 39 ہوگئی، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری
کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے منگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع کیے گئے آپریشن شعبان کے تحت کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 39 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 26 دہشت گرد، جن کا تعلق فتنہ الخوارج سے بتایا گیا، 6 اور 7 جولائی کو کی جانے والی کارروائیوں میں مارے گئے تھے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف زمینی اور فضائی سطح پر متعدد کارروائیاں مسلسل جاری ہیں تاکہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔
دریں اثنا، خضدار کے علاقے زیدی میں دہشت گردوں کی جانب سے ایک پولیس اسٹیشن پر حملے کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج اور فرنٹیئر کور کے جوانوں نے فوری جوابی کارروائی میں آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ہیلی کاپٹر گن شپ کی کارروائیوں میں مزید پانچ سے چھ دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 75 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں۔