شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا گلگت بلتستان کی ترقی کو وفاقی حکومت کی اولین ترجیح قرار

Read Time:2 Minute, 46 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کی ترقی کو وفاقی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں انفراسٹرکچر، مواصلات، توانائی، تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبوں کی بہتری کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم سے جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے ملاقات کی، جس میں خطے کی ترقی، عوامی مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل، سیاحتی مقامات اور معدنی ذخائر سے مؤثر استفادہ کرتے ہوئے مقامی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید فنی تربیت اور باوقار روزگار کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے عوام کی توقعات، مسائل اور ترجیحات سے براہِ راست آگاہی کا ذریعہ ہوتے ہیں، اس لیے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت اور شہریوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہی قیادت کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو پاکستان سے محبت، وفاداری اور قومی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ خطے میں چار دانش اسکولوں کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور آئندہ سال وہاں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے شمسی توانائی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ وفاقی حکومت علاقے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور گلیشیائی جھیلوں کے اچانک پھٹنے (گلیشیئل لیک آؤٹ برسٹ فلڈ – GLOF) جیسے خطرات سے بروقت آگاہی اور مؤثر ردعمل کے لیے گلگت بلتستان میں ابتدائی انتباہی نظام (Early Warning System) بھی نصب کیا جا چکا ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل، بہتر طرز حکمرانی اور شفافیت کے فروغ کے لیے وفاقی حکومت اور مقامی قیادت کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون کے ساتھ اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ خطے کی تعمیر و ترقی میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں تاکہ مشترکہ کوششوں سے گلگت بلتستان کو مزید ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی، جو اراکین اسمبلی کی جانب سے پیش کی گئی قابلِ عمل تجاویز کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ بھی شامل ہوں گے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
شعبان Previous post آپریشن شعبان میں مزید 13 خوارج ہلاک، مجموعی تعداد 39 ہوگئی، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری