
آر ای سی پی پاکستان اور خدمت گروپ کی گُلشن آباد میں شجرکاری مہم، شہریوں میں پودوں کی تقسیم
راولپنڈی،یورپ ٹوڈے: آر ای سی پی پاکستان نے خدمت گروپ کے اشتراک سے گُلشن آباد، اڈیالہ روڈ، راولپنڈی میں شجرکاری کے فروغ کے لیے پودوں کی تقسیم کی مہم کا انعقاد کیا، جس میں مقامی شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کو سرسبز بنانے کے لیے پودے حاصل کیے۔
اس مہم کا مقصد علاقے کو سرسبز و شاداب بنانا، پاکستان میں سبزے کے رقبے میں اضافہ کرنا، ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا اور شہریوں میں شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر آر ای سی پی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ارشاد رامے نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران گُلشن آباد میں مسلسل شجرکاری کی بدولت یہاں کا درجہ حرارت ملحقہ اڈیالہ روڈ کے مقابلے میں تقریباً 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کم محسوس کیا جاتا ہے، جو درختوں کے مقامی ماحول پر مثبت اثرات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ درخت ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی میں کمی، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے جذب، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
محمد ارشاد رامے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آر ای سی پی پاکستان آئندہ بھی مختلف سماجی اور فلاحی اداروں کے تعاون سے ملک بھر میں شجرکاری اور ماحولیاتی تحفظ کی سرگرمیوں کو جاری رکھے گا۔ انہوں نے خدمت گروپ اور گُلشن آباد کے عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھیں تاکہ ایک سرسبز، صاف ستھرا اور صحت مند پاکستان کی تعمیر ممکن بنائی جا سکے۔