
ہنگو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، پاک فوج کا کیپٹن شہید، 7 دہشت گرد ہلاک
ہنگو، یورپ ٹوڈے: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران پاک فوج کا ایک کیپٹن شہید جبکہ 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی 7 اگست کو ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جبکہ دہشت گردوں نے فائرنگ کے دوران ایک مسجد میں پناہ لینے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے وابستہ 7 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے۔
کارروائی کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم، جو ضلع نارووال کے رہائشی تھے، اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور دہشت گردوں کا مسلسل تعاقب کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری رہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہر قیمت پر ملک کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔