
صدرِ مملکت اور وزیراعظم کی کوہاٹ دھماکے کی شدید مذمت، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ میں اولڈ پولیس لائنز کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں شہریوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے الگ الگ بیانات میں دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طور پر بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے بیرونی پشت پناہی رکھنے والے دہشت گردوں اور فتنۃ الخوارج کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو فوری اور بہترین ممکنہ طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے دھماکے کی نوعیت اور وجوہات کے بارے میں رپورٹ بھی طلب کرلی۔
انہوں نے امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔