
وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور جرات کو سراہا ہے۔
منگل کو اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت اور شجاعت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کامیاب کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان کی بہادری اور خدمات پر فخر ہے۔