
پی پی پی منصوبوں میں تیزی: وزیراعظم شہباز شریف کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کو مزید مؤثر بنانے کی اصولی منظوری
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کے روز ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) اور اس سے متعلقہ نظام کو مزید مؤثر بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک میں پی پی پی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت دی کہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کی استعداد کار کو بہتر بنایا جائے تاکہ وہ پی پی پی کے تحت ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کے قابل ہو سکیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی تھری اے کی کارکردگی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پی پی پی منصوبوں کی رفتار بڑھانے کے لیے اس اتھارٹی کو نجکاری ڈویژن کے ماتحت کام کرنے دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ پی پی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو وزارتوں اور محکموں کے کلیدی کارکردگی اشاریوں (کے پی آئیز) میں شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی تھری اے کے ذریعے پی پی پی نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس کو علاقائی اور عالمی سطح پر مختلف ممالک میں نافذ پی پی پی ماڈلز کے تقابلی جائزے سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ مجوزہ نئے نظام کے ڈھانچے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ نئے نظام کے تحت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور نجکاری ڈویژن پی تھری اے کی نگرانی کریں گے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نئے منظور شدہ نظام پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کیا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیراعظم کے مشیر محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔