شہباز شریف

تمام شہری ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کریں: وزیراعظم شہباز شریف

Read Time:3 Minute, 12 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقلیتی برادریوں نے قیامِ پاکستان سے لے کر قومی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اہم اور قابلِ تحسین کردار ادا کیا ہے، اس لیے تمام شہریوں کو مذہب سے قطع نظر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں قومی اقلیتی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست کے تاریخی خطاب کی روشنی میں آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسیحی، ہندو، سکھ، پارسی اور دیگر اقلیتی برادریوں نے تحریکِ پاکستان اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص مسیحی برادری کی شعبہ تعلیم میں خدمات کو سراہتے ہوئے مسیحی تعلیمی اداروں کی گراں قدر خدمات کا ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے اور ان کے بہن بھائیوں نے بھی ابتدائی تعلیم مسیحی تعلیمی اداروں سے حاصل کی۔

وزیراعظم نے اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی قومی شخصیات، جن میں سیسل چوہدری، جسٹس اے آر کارنیلیس، جوگندر ناتھ منڈل، ایس ایل گبز اور ایس پی سنگھا شامل ہیں، کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں نے ملکی دفاع سمیت مختلف شعبوں میں قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی جنگوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اقلیتی شہریوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام شہریوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ نوجوان نسل کو جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ضروری ہے تاکہ پاکستان دنیا میں اپنا نمایاں مقام حاصل کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے قیام کے مقاصد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنا اور اقوامِ عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرنا ہوگی۔

مکہ دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ہے۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

تقریب کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے لیے خدمات کے اعتراف میں اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں اعزازات اور اسناد بھی تقسیم کیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جاتا ہے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے اور قائداعظم کے وژن کے مطابق اقلیتی حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عبادت گاہوں کو سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، اقلیتوں کے لیے تعلیمی وظائف اور مالی معاونت کا سلسلہ جاری ہے جبکہ 10 مذہبی تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں۔

وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ قومی اقلیتی دن ملک بھر میں منایا جارہا ہے اور وزیراعظم کی تقریب میں شرکت اقلیتی برادریوں کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکھ میرج ایکٹ اور ہندو میرج ایکٹ اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے اہم پیش رفت ہیں، جبکہ مسیحی میرج ایکٹ پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے۔

سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز ایکٹ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں نے پاکستان کی ترقی میں مسلسل اہم کردار ادا کیا ہے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
زنگزور Previous post زنگزور کوریڈور سے 15 ملین ٹن یا اس سے زائد سامان کی ترسیل سے نخچیوان میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا: صدر علییف
نشانِ امتیاز Next post صدر مملکت نے سی این ایس سی جنرل عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا