
آذربائیجان کے عوامی خدمات کے جدید نظام ’’آسان خدمت‘‘ کو اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی سطح پر پذیرائی، چار براعظموں میں ماڈل متعارف کرانے کا منصوبہ
باکو، یورپ ٹوڈے: آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے کہا ہے کہ ملک میں عوامی خدمات کی فراہمی کے جدید نظام ’’آسان خدمت‘‘ (ASAN Khidmet) نے پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ اپنی سرگرمیوں کے باعث اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر نمایاں پذیرائی حاصل کی ہے۔
صدر الہام علییف نے ان خیالات کا اظہار ’’اقوام متحدہ کا گورننس انوویشن سمٹ: مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اداروں کی ترقی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی تقریب کے شرکاء کے نام اپنے پیغام میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ 2015 میں ’’آسان خدمت‘‘ کو اقوام متحدہ کے پبلک سروس ایوارڈ اور 2019 میں سرکاری شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ کے لیے خصوصی ایوارڈ سے نوازا جانا آذربائیجان کی کامیابیوں کا عالمی اعتراف ہے۔
آذربائیجانی صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون اس کامیاب تجربے کو وسیع جغرافیائی حدود تک پھیلانے کے نئے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آذربائیجان اور اقوام متحدہ کے درمیان 2024 میں طے پانے والے کنٹری بیوشن معاہدے کے تحت ’’آسان خدمت‘‘ کے ماڈل کو چار براعظموں میں متعارف کرانے اور فروغ دینے کا منصوبہ شامل ہے۔
صدر الہام علییف نے مزید کہا کہ آذربائیجان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور معیاری عوامی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی اقدامات میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔