
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی بنوں میں فتح خیل پولیس اسٹیشن پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پیر کو ضلع بنوں کے علاقے فتح خیل پولیس اسٹیشن پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
چیئرمین سینیٹ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دہشتگردی کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ متحد کھڑی ہے۔