
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام سے اجلاس، سفارتی ترجیحات اور آئندہ مصروفیات کا جائزہ
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام سے اہم اجلاس میں حالیہ سفارتی سرگرمیوں اور آئندہ ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اجلاس کے دوران حالیہ سفارتی روابط پر پیش رفت، جاری سفارتی ترجیحات، فالو اپ اقدامات اور مستقبل میں ہونے والی اہم سفارتی مصروفیات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے اس موقع پر متعلقہ اداروں اور حکام کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سفارتی اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہداف اور قومی مفادات کا مؤثر انداز میں تحفظ اور فروغ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان قومی مفادات کے تحفظ، دوطرفہ و کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔