
علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششیں اہم ہیں، بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا قابل عمل راستہ ہے: اسحاق ڈار
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں کمی کی کوششیں اہم ہیں، جبکہ بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے آئندہ روابط اور مشاورت پر بھی بات چیت ہوئی۔
فریقین نے ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور اس حوالے سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں کشیدگی میں کمی کی کوششیں نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بات چیت اور سفارت کاری ہی آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ ہے۔