
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس کل پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس پیر کے روز پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کاجا کالاس پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ یہ مکالمہ دونوں فریقوں کے درمیان اعلیٰ سطحی اور منظم مشاورت کا اہم ترین فورم ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے دیرینہ اور کثیرالجہتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ اقدار، مضبوط اقتصادی تعاون اور کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے لیے باہمی عزم پر مبنی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطحی سیاسی روابط کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
بیان کے مطابق اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔