کابینہ

وفاقی کابینہ کا قومی مفادات کے دفاع پر وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراجِ تحسین

Read Time:2 Minute, 46 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی کابینہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت، پاکستان کا عالمی تشخص بہتر بنانے اور قومی مفادات کے مؤثر دفاع پر متفقہ طور پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کابینہ نے اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی۔

اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے کو بھی اہم سفارتی اور دفاعی پیش رفت قرار دیا گیا۔ کابینہ نے کہا کہ یہ معاہدہ مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور باہمی اتفاقِ رائے کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

وفاقی کابینہ نے قومی ہاؤسنگ پالیسی 2026 اور اس پر عملدرآمد کے ایکشن پلان کی بھی منظوری دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پالیسی قومی و بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ نے تیار کی، جبکہ اس کی تیاری کے دوران وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں اور ترقیاتی شراکت داروں سے بھی مشاورت کی گئی۔

پالیسی کا بنیادی مقصد تمام شہریوں کے لیے پائیدار، محفوظ اور معیاری رہائش کی فراہمی ہے۔ کابینہ نے ہاؤسنگ منصوبوں میں زوننگ قوانین پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے اور زمین کے مؤثر استعمال کے لیے عمودی رہائش کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ توانائی کی بچت کے ضوابط کو قومی ہاؤسنگ پالیسی کا لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ نئی تعمیرات توانائی کے مؤثر استعمال اور ماحول دوست اصولوں سے ہم آہنگ ہوں۔

اجلاس کو وزیراعظم کی ’اپنا گھر‘ اسکیم پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ مختلف بینکوں کی جانب سے گھر کے خواہشمند درخواست گزاروں کے لیے 220 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ کامیاب درخواست گزاروں کو 32 ارب روپے سے زائد رقم جاری کی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے پیش کردہ سمری پر پاکستان اور سویڈن کے درمیان 1981 کے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کے خاتمے کا نوٹس واپس لینے کی بھی منظوری دی۔

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے پاکستان انفارمیشن سکیورٹی فریم ورک 2026 کا مسودہ بھی کابینہ میں پیش کیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ یہ فریم ورک CERT رولز 2023 کے تحت تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد انفارمیشن سکیورٹی کے لیے بنیادی یکساں معیارات پر مبنی جامع اور مربوط نظام تشکیل دینا اور مرکزی نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔

کابینہ نے فریم ورک کی منظوری دیتے ہوئے اسے سائبر سکیورٹی کے لیے ایک اہم رہنما دستاویز قرار دیا اور اس پر مقررہ مدت کے اندر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 28 جولائی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی، جس کے تحت پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔ ان ترامیم کا مقصد ملک کی توانائی کی ضروریات بہتر انداز میں پوری کرنے کے لیے آئل ریفائنریوں کو جدید بنانا ہے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 27 جولائی اور 4 اگست کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں سمیت کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 24 جولائی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
قازقستان Previous post قازقستان میں 71 ریلوے اسٹیشنز کی جدید کاری اور تعمیر نو مکمل
مراکش Next post مراکش اور آسیان کا باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے اور عملی تعاون کے فروغ پر اتفاق