
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا منیٰ میں پاکستانی حجاج کے کیمپوں کا دورہ، انتظامات کا جائزہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منیٰ میں پاکستانی حجاج کرام کے کیمپوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے حج انتظامات اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے مختلف کیمپوں کا معائنہ کیا اور حجاج کرام کے لیے فراہم کردہ خدمات کا خود مشاہدہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی عازمین حج، بالخصوص بزرگ شہریوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر محسن نقوی نے 100 سالہ بزرگ حاجی سے خصوصی ملاقات بھی کی اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہا۔
حجاج کرام نے وفاقی وزیر داخلہ کو اپنی آراء سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال حج انتظامات مجموعی طور پر بہتر اور اطمینان بخش ہیں۔ محسن نقوی نے رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
انہوں نے وزارت مذہبی امور کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی حج انتظامات کے حوالے سے کاوشوں کی تعریف کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ “ہر حاجی ہمارے لیے انتہائی اہم ہے” اور حجاج کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے عملہ چوبیس گھنٹے موجود ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سعودی حکومت کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا، خصوصاً مکہ روٹ انیشی ایٹو کے تحت پاکستان میں فراہم کی جانے والی امیگریشن سہولیات کو سراہا۔ انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی وزارتِ حج کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔