
بلوچستان: واشک میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع واشک میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 12 اور 13 اکتوبر 2026 کی درمیانی شب ضلع واشک میں بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنۃ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور پانچ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔