
زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخی سطح پر پہنچ گئے، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار اطمینان
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس پیش رفت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اقتصادی ٹیم کی مسلسل کوششوں اور حکومت کی درست سمت میں کیے گئے اقدامات کا عکاس ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترسیلات زر اور خدمات کی برآمدات میں نمایاں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر صورتحال اور مالیاتی نظم و ضبط نے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عالمی سرمایہ مارکیٹوں میں کامیاب واپسی بھی ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی معاشی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی استعداد میں بھی نمایاں اضافہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ مستحکم معاشی صورتحال ملک میں مزید بیرونی اعتماد، سرمایہ کاری اور پائیدار اقتصادی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
وزیراعظم نے اس اہم پیش رفت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک، حکومتی اقتصادی ٹیم اور بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات اور کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ماضی میں زرمبادلہ کے ذخائر میں ہونے والے اضافوں کے برعکس حالیہ اضافہ بیرونی قرضوں میں اضافے کے باعث نہیں ہوا بلکہ اس میں بنیادی کردار اسٹیٹ بینک کی جانب سے غیر ملکی زرمبادلہ کی خریداری کا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے اپنے زیرِ التوا زرمبادلہ سے متعلق واجبات میں بھی نمایاں کمی کی ہے، جس سے ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔