
ترکمانستان کے اسمارٹ شہر ’’آرکاداغ‘‘ کے قیام کی تیسری سالگرہ، ترقیاتی کامیابیوں اور توسیعی منصوبوں پر اعلیٰ سطحی فورم
آرکاداغ، یورپ ٹوڈے: ترکمانستان نے پیر کے روز ملک کے پہلے اور نمایاں ’’اسمارٹ سٹی‘‘ آرکاداغ کے افتتاح کی تیسری سالگرہ شایانِ شان انداز میں منائی۔ اس موقع پر ایک اعلیٰ سطحی فورم منعقد کیا گیا جس میں شہر کی ترقیاتی کامیابیوں، مستقبل کے توسیعی منصوبوں اور جدید شہری منصوبہ بندی پر روشنی ڈالی گئی۔
"آرکاداغ شہیری – روشن گیلجیگن آیدین یولی” (’’آرکاداغ شہر، روشن مستقبل کی واضح راہ‘‘) کے عنوان سے منعقدہ یہ فورم آرکاداغ سٹی انتظامیہ میں منعقد ہوا، جس میں ترکمانستان کے صدر کے ماتحت آرکاداغ سٹی کی تعمیر سے متعلق ریاستی کمیٹی، مختلف سرکاری اداروں، مقامی انتظامیہ، عمائدین اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ایک خصوصی نمائش سے ہوا، جس میں آرکاداغ شہر کی مصنوعات، جدید ٹیکنالوجی، اختراعات اور بین الاقوامی اعزازات کو پیش کیا گیا۔ نمائش میں شہر کو ترکمانستان کے پہلے اسمارٹ سٹی کے طور پر حاصل ہونے والی ترقیاتی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔
فورم کے دوران صدر سردار بردی محمدوف کا آرکاداغ کے شہریوں کے نام خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا گیا، جس میں شہر کے قیام کی تیسری سالگرہ کو ملک کی سیاسی، سماجی اور ثقافتی زندگی کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔ پیغام میں آرکاداغ کو جدید شہری منصوبہ بندی اور عصری طرزِ تعمیر کی ایک مثالی علامت قرار دیا گیا۔
مقررین نے صدر سردار بردی محمدوف اور ترکمانستان کی خلق مصلحتی کے چیئرمین و قومی رہنما گربان گلی بردی محمدوف کو سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس عظیم شہری منصوبے کے آغاز اور کامیاب تکمیل میں ان کی قیادت کو سراہا۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ ریاستی اہمیت کا خصوصی قانونی درجہ رکھنے والا آرکاداغ شہر ترکمانستان کے قومی ترقیاتی منصوبوں میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے اور جدید ترقی کی علامت بن چکا ہے۔
فورم میں 2024 تا 2052 آرکاداغ سٹی ترقیاتی تصور کے تحت جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ اسمارٹ سٹی کے دوسرے مرحلے کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت نئی سماجی سہولیات، صنعتی ادارے اور پیداواری تنصیبات قائم کی جا رہی ہیں تاکہ شہر کی صنعتی بنیاد مزید مضبوط ہو سکے۔
منصوبے کے تحت بچوں کے لیے جدید تفریحی پارک، 30 ہزار نمازیوں کی گنجائش والی ایک بڑی مسجد اور دیگر عوامی سہولیات بھی تعمیر کی جائیں گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تعمیر کے پہلے مرحلے کے دوران مجموعی طور پر 336 جدید تنصیبات مکمل کی گئیں، جن میں رہائشی کمپلیکس، سرکاری دفاتر، تعلیمی و طبی ادارے، ثقافتی مراکز، کھیلوں کی سہولیات اور جدید انجینئرنگ انفراسٹرکچر شامل ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے صدر سردار بردی محمدوف اور قومی رہنما گربان گلی بردی محمدوف کے نام ایک مشترکہ پیغام منظور کیا، جس میں ملک کی جاری ترقیاتی پالیسیوں اور اصلاحاتی اقدامات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا گیا۔
سالگرہ کی تقریبات کے دوران ثقافتی شخصیات اور فنکاروں نے روایتی موسیقی، رقص اور ثقافتی پروگرام پیش کیے، جبکہ مرکاؤ ثقافتی و تفریحی مرکز میں ایک یادگاری صدقہ (خیراتی ضیافت) کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر شرکاء نے متفقہ طور پر زیرِ تعمیر 30 ہزار نمازیوں کی گنجائش رکھنے والی نئی مسجد کا نام "آرکاداغینگ روحی میتجیدی” (’’آرکاداغ کی روح مسجد‘‘) رکھنے کی تجویز کی بھی توثیق کی۔
آرکاداغ شہر میں سالگرہ کی تقریبات رات گئے تک جاری رہیں، جہاں مختلف تخلیقی اور ثقافتی گروپوں نے موسیقی، فنونِ لطیفہ اور ثقافتی پروگرام پیش کرکے ترکمانستان کے پہلے اسمارٹ سٹی کی تیسری سالگرہ کو بھرپور انداز میں منایا۔