انٹیلی جنس

خیبرپختونخوا میں آپریشن "11 گرج” کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری، متعدد دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد

Read Time:1 Minute, 28 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: سکیورٹی فورسز نے گزشتہ دو ماہ کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشن "11 گرج” کے تحت انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سہولت کاروں کو نشانہ بنایا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی کے نیٹ ورک کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ ترین کارروائی ضلع باجوڑ کے علاقے شکرو میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ جاری آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ مزید برآں دہشت گردوں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی تلاش کرکے ناکارہ بنا دیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن "11 گرج” زمینی دستوں اور کواڈ کاپٹر نگرانی کی مدد سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں دہشت گرد آبادی والے علاقوں سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں، جبکہ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کی مؤثریت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور تمام اقدامات اس انداز میں کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خیبرپختونخوا میں دیرپا امن کے قیام تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
اقوام متحدہ Previous post اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے 2028 کو "بین الاقوامی قانون کا سال” قرار دینے کی قرارداد پر ترکمانستان میں اعلیٰ سطحی کانفرنس کا انعقاد
زنگیلان Next post زنگیلان میں ساتویں ڈائسپورا یوتھ سمر کیمپ کا افتتاح، 64 ممالک سے 120 سے زائد نوجوان شریک