
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، پولیس تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اہم اقدامات کی منظوری
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کے روز نیشنل پولیس اکیڈمی (این پی اے) کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان میں پولیس تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے زیرِ تعمیر کثیر المنزلہ ہاسٹل کا معائنہ کیا اور ماڈل روم کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول منصوبے کی تکمیل کیلئے 31 مئی کی ڈیڈ لائن مقرر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اب ایلیٹ سطح کی پولیس تربیت صوبائی اداروں کے بجائے نیشنل پولیس اکیڈمی میں فراہم کی جائے گی۔
محسن نقوی نے اکیڈمی میں سولر پاور سسٹم نصب کرنے اور موجودہ عمارتوں کی جامع تزئین و آرائش کی ہدایت بھی جاری کی۔ جدید پولیس تعلیم کو فروغ دینے کیلئے انہوں نے آئی ٹی سہولیات سے آراستہ تین نئے کلاس رومز کے قیام کی منظوری دی، جبکہ ڈرونز، نائٹ وژن آلات اور جدید اسلحے کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر داخلہ نے ترقیاتی و پروموشنل کورسز میں اصلاحات پر زور دیتے ہوئے جدید معیار اور بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایک جدید ڈرائیونگ اسکول کے قیام کی بھی منظوری دی، جہاں افسران کو ایڈوانس ڈرائیونگ اور کار چیسنگ کی تربیت دی جائے گی۔ مزید برآں، تفتیشی صلاحیتوں میں بہتری کیلئے خصوصی کرائم سین رومز قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
کھیلوں کے شعبے میں وزیر داخلہ نے پیڈل ٹینس کورٹس کے قیام کی ہدایت دی اور اسپورٹس کمپلیکس، جم اور سوئمنگ پول کا معائنہ کرتے ہوئے تمام سہولیات کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کرنے کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی سعد اختر بھروانہ نے وزیر داخلہ کو جاری منصوبوں اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔