
خیبر میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 22 خوارج دہشتگرد ہلاکد
راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خیبر ضلع میں ایک مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کے دوران بھارت کی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 خوارج کو جہنم واصل کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتاری کے خوف اور بزدلی کے باعث دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، اور یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود ممکنہ دیگر خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن "عزمِ استحکام” کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔