
مریم نواز کی نگرانی میں صوبہ بھر میں خصوصی کلین اپ آپریشن جاری
لاہور، یورپ ٹوڈے: مریم نواز کی ہدایت اور نگرانی میں صوبہ بھر میں اسپیشل آپریشن کلین اپ کے تحت “ستھرا پنجاب” پروگرام کی ٹیمیں گلی محلوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر متحرک ہیں تاکہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔
صوبائی انتظامیہ کے مطابق مساجد، عید گاہوں، قبرستانوں اور مرکزی شاہراہوں کی خصوصی صفائی کی گئی ہے، جبکہ شہری علاقوں میں آلائشیں اور جانوروں کی باقیات بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ گلیوں، محلوں اور بازاروں میں آلائشیں اور جانوروں کی باقیات پھینکنے کی نگرانی کے لیے اسپیشل ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں، جو صفائی کے نظام کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ عوامی مقامات پر آلائشیں اور باقیات پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی مہم میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور عید کے ایام میں ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔