
قومی اسمبلی نے بجٹ 2026-27 کی منظوری دے دی، اجلاس کل تک ملتوی
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: قومی اسمبلی نے مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے دی، جس کے بعد اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں اراکینِ اسمبلی نے بجٹ کی منظوری دی۔
واضح رہے کہ 12 جون کو وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے 18 ہزار 771 ارب روپے سے زائد حجم کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔
بجٹ 2026-27 میں حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے، سپر ٹیکس کے خاتمے اور جائیداد کی خرید و فروخت و منتقلی پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی تجاویز شامل تھیں۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ایوان کو بتایا تھا کہ رواں مالی سال میں لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی شرحِ نمو 6.1 فیصد رہی جبکہ خدمات کے شعبے میں 4.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ملکی معیشت کا حجم 452 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جو ایک نیا سنگِ میل ہے، جبکہ فی کس آمدنی 1751 ڈالر سے بڑھ کر 1901 ڈالر ہو گئی ہے۔