
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 7 دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان، یورپ ٹوڈے: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی اور ان کے ٹھکانوں کا خاتمہ کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قومی عزم کی عکاس ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کارروائی میں 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے والے وطن کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، جبکہ ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔