
جنوبی وزیرستان میں افغان اشتعال انگیزی کا جواب، پاک فوج کی مؤثر کارروائی، دراندازی ناکام
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: جنوبی وزیرستان کے علاقے انگوراڈہ زلول خیل میں افغان جانب سے مبینہ اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شدت پسند عناصر کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دراندازی کی ناکامی کے بعد افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین شہری زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر وانا اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات جاری ہیں۔