
باب المندب میں تجارتی جہازوں پر حملے بند کیے جائیں، پاکستان کا مطالبہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان نے باب المندب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے تجارتی جہازوں اور ان کے عملے پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے آزادانہ بحری آمد و رفت اور تجارتی جہازوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی جہازوں اور ان کے عملے کے خلاف ایسے اشتعال انگیز اقدامات سمندری سلامتی، عالمی تجارت اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ آزادانہ بحری آمد و رفت اور جہازوں کی سلامتی کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
پاکستانی سفیر نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور معمول کی بحری آمد و رفت کی بحالی پر بھی زور دیا۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ سمندری بحران کے اثرات عالمی امن و سلامتی کے علاوہ توانائی اور غذائی سلامتی پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعات اور بحرانوں کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔