
پاکستان کرکٹ ٹیم کی برطانوی بادشاہ چارلس سے ملاقات، کرکٹ اور امن و امان پر گفتگو
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان کرکٹ ٹیم اور برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کے درمیان ملاقات ہوئی، جو شاہی خاندان کی تاریخی رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس میں منعقد ہوئی۔
ملاقات کے دوران بادشاہ چارلس سوم نے پاکستانی کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے گفتگو کی۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
بادشاہ چارلس سوم نے محسن نقوی سے کرکٹ کے فروغ سمیت پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے بادشاہ چارلس سوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اور محسن نقوی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
بعد ازاں محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بادشاہ چارلس سوم سے ملاقات انتہائی مفید رہی۔ انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
بادشاہ چارلس سوم سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برطانیہ سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہوگئے۔