
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت، دفاع اور عوامی روابط کے فروغ پر اتفاق
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے بدھ کے روز ادارہ جاتی روابط میں مثبت پیش رفت، بڑھتے ہوئے اقتصادی و تجارتی تعاون اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حالیہ کامیاب دورۂ سری لنکا کو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی قرار دیا۔
نائب وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق آسیان ریجنل فورم 2026 کے موقع پر منیلا میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، اقتصادی روابط، دفاع اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح کے مسلسل تبادلوں سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے خطے میں مکالمے اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
دونوں فریقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جائے گا، جس سے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ ملے گا۔