
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایران کے شہید سپریم لیڈر کو خراجِ عقیدت پیش کیا
تہران، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقریب میں شرکت کی۔ آیت اللہ سید علی خامنہ ای 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران شہید ہوئے تھے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کی قیادت کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اسلام کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور ایرانی قوم کی کئی دہائیوں پر محیط مدبرانہ، دور اندیش اور دانشمندانہ قیادت کو سراہا۔
وزیراعظم نے ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور برادر ایرانی عوام کے ساتھ قومی سوگ کی اس گھڑی میں پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید رہنما کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی مغفرت کرے۔
نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقریب کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے آغاز کے لیے تہران سے استنبول روانہ ہوگئے۔
دریں اثنا، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں ایک علیحدہ پارلیمانی وفد نے بھی تہران میں نمازِ جنازہ کی تقریب میں شرکت کی۔ وفد میں ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی شامل تھے۔