
شہریوں کو تیز، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے آسان خدمت مراکز کا دائرہ ملک بھر میں وسیع کیا جائے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر تیز، شفاف اور معیاری خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ نجی شعبے کے تعاون سے ملک کے دیگر حصوں میں بھی پاکستان آسان خدمت مراکز قائم کیے جائیں۔
وزیراعظم نے یہ ہدایات پاکستان آسان خدمت مراکز کی کارکردگی اور توسیع کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول کے لیے بار بار سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک ہی چھت تلے شہریوں کو متعدد سرکاری خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان آسان خدمت مرکز میں مختلف خدمات کی فراہمی کے لیے درکار وقت کو مزید کم کیا جائے۔
انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان آسان خدمت مرکز کی توسیع کے عمل کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کی ضروریات کے مطابق اسلام آباد آسان خدمت مرکز کے مختلف کاؤنٹرز پر عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ اسلام آباد آسان خدمت مرکز کی تھرڈ پارٹی کارکردگی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی جائے۔
انہوں نے مظفرآباد، گلگت اور اسکردو میں آسان خدمت مراکز کے قیام پر جاری کام کو تیز کرنے اور ان مراکز کو جلد از جلد فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے پشاور اور بنوں میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے فوری اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان شہروں میں موجود وفاقی حکومت کی عمارات میں آسان خدمت مراکز قائم کرنے کے حوالے سے جامع منصوبہ جلد پیش کیا جائے۔
اجلاس کو اسلام آباد آسان خدمت مرکز کی توسیع، وہاں فراہم کی جانے والی خدمات اور مرکز کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوری سے ستمبر کے دوران اسلام آباد آسان خدمت مرکز میں ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد درخواستیں نمٹائی گئیں۔
بریفنگ کے مطابق اسلام آباد آسان خدمت مرکز کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات پر 99.5 فیصد شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد آسان خدمت مرکز میں مختلف خدمات کی فراہمی کا اوسط وقت 3 سے 10 منٹ ہے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں پاکستان آسان خدمت مراکز کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ اور طارق فضل چوہدری سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔