
یوتھ بزنس لون اسکیم: وزیراعظم شہباز شریف نے قرض کی حد بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی
قرض کے حصول کی کم از کم عمر 18 سال مقرر، 30 فیصد قرضے خواتین کے لیے مختص، رواں سال 292 ارب روپے کی فراہمی کا ہدف
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے اردو: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں اور خواتین کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ بزنس لون اسکیم اور وزیراعظم یوتھ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت انفرادی قرضوں کی زیادہ سے زیادہ حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی ہے، جو آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے۔ قرض کے حصول کے لیے کم از کم عمر کی حد 21 سال سے کم کر کے 18 سال کر دی گئی ہے، جبکہ مجموعی قرضوں کا 30 فیصد خواتین کے لیے مختص ہوگا۔ رواں سال ان اسکیموں کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس
یہ فیصلے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں کیے گئے، جس میں یوتھ بزنس لون اسکیم اور یوتھ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اور اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کی کاروباری اور زرعی سرگرمیوں کے لیے مالی معاونت کے مؤثر انتظامات پر وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے، انہیں کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔
خواتین کے لیے 30 فیصد قرضے مختص
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں 30 فیصد قرضے خواتین کے لیے مختص کیے جائیں تاکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں میں ان کی شمولیت بڑھانے کے مواقع میسر آ سکیں۔
قرض کے حصول کی عمر 18 سال مقرر
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر 21 سال سے کم کر کے 18 سال کرنے کی ہدایت کی، تاکہ نوجوان کم عمری میں ہی اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور زرعی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
سمیڈا کو نوجوانوں کی رہنمائی کی ہدایت
وزیراعظم نے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ہدایت کی کہ وہ یوتھ بزنس لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، رہنمائی، کاروباری مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔
ملک گیر آگاہی مہم
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں میں ان اسکیموں، دستیاب مواقع اور حکومتی اقدامات کے بارے میں ملک گیر سطح پر وسیع آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت انہیں معاشی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔