
یومِ فضائیہ: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پاک فضائیہ کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرأت اور بہترین منصوبہ بندی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
یومِ فضائیہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فضائی معرکوں میں پاک شاہینوں نے بے مثال بہادری، پیشہ ورانہ برتری اور عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاک فضائیہ نے ہر چیلنج کا بھرپور مقابلہ کرنے کی اپنی قابلِ فخر روایت برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فضائیہ کی فیصلہ کن کارکردگی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ کامیابی پاک فضائیہ کی شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی، جرأت مندانہ قیادت اور بہترین حکمتِ عملی و منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے افسران، جوانوں اور تمام اہلکاروں کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ملکی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد اور چوکس ہے۔ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کا عزم و حوصلہ کسی صورت متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔