
صدر مملکت کا پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کو 55ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نشانِ حیدر کے حامل پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کو ان کے 55ویں یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کے لیے ان کی بے مثال قربانی کو سراہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے کم عمری میں ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے جرأت، فرض سے وابستگی اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی۔
صدر سیکرٹریٹ کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے کم عمر ترین نشانِ حیدر حاصل کرنے والے راشد منہاس شہید کی عظیم قربانی ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، جو آنے والی نسلوں کو جرأت، عزم اور وطن سے وفاداری کی اقدار کے لیے ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم اپنے اس عظیم سپوت کی قربانی کو ہمیشہ انتہائی قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے گی، جبکہ دیگر شہداء اور ان کے اہل خانہ کی خدمات اور قربانیوں کو بھی ہمیشہ قدر کی نگاہ سے سراہا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قومی ہیرو ہیں اور ان کی خدمات و قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی اور خراجِ تحسین پیش کیا جاتا رہے گا۔