
وزیراعظم شہباز شریف کی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر صدر ٹرمپ کے اظہارِ حمایت کی پذیرائی
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی حمایت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری بیان کے ردعمل میں اپنے ’’ایکس‘‘ اکاؤنٹ پر کہا کہ وہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت پر مبنی کلمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر اپنے ممالک کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کی ’’جرأت مندانہ اور فیصلہ کن‘‘ قیادت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے جنوبی ایشیا میں جوہری تباہی کو ٹالنے اور گزشتہ سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران لاکھوں جانیں بچانے میں مدد دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پائیدار امن عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے بنیادی ضرورت ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے حال ہی میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کس طرح متحد ہو رہا ہے اور ممالک بالآخر زیادہ مؤثر انداز میں اپنے دفاع کے قابل ہوں گے۔
انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے معاہدے کو ’’ایک بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم‘‘ قرار دیا۔