
وزیراعظم شہباز شریف کا ترسیلاتِ زر میں ریکارڈ اضافے پر اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے مالی سال 2025-26 کے دوران گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافے پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں نے وطن سے اپنی محبت اور اعتماد کا ایک بار پھر عملی ثبوت دیا ہے۔
جمعرات کو جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ محب وطن اوورسیز پاکستانیوں نے مالی سال 2025-26 کے دوران 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر وطن بھیجیں، جس پر پوری قوم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترسیلاتِ زر میں 8.6 فیصد اضافہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی بیرونِ ملک مقیم برادری پر فخر ہے، کیونکہ وہ نہ صرف قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ہر مشکل وقت میں وطن کا ساتھ بھی دیتے ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی اور ان کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔