
وزیراعظم شہباز شریف کا کمزور طبقات کیلئے ریلیف اقدامات کا تسلسل برقرار رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے دی جانے والی سبسڈی میں ایک ماہ کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ سفری کرایوں اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں کسی بھی قسم کے اضافے کو روکا جائے اور عوامی ریلیف کے اقدامات کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے عام آدمی کے لیے اربوں روپے کا قومی ریلیف پیکیج فراہم کیا ہے، اور موجودہ حالات میں جہاں تک ممکن ہو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عام آدمی کو سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ موٹر سائیکل مالکان کے لیے دی جانے والی سبسڈی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سہولت سے موٹر سائیکل مالکان مزید مستفید ہو سکیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق موٹر سائیکل فیول سبسڈی کی مدت آج ختم ہو رہی تھی، تاہم پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر فی موٹر سائیکل 2 ہزار روپے کی سبسڈی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔