شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کی ’اپنا گھر اسکیم‘ کے تحت کم آمدن اور متوسط طبقے کو سستے گھروں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

Read Time:2 Minute, 59 Second

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی ہے کہ ایسی جائیدادوں کا جامع سروے کرایا جائے جو وزیراعظم کی ’’اپنا گھر اسکیم‘‘ کے تحت گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند افراد کو قرضوں کی فراہمی کے لیے دستیاب کی جاسکتی ہیں۔

وزیراعظم نے یہ ہدایت فنانس تک رسائی کے منصوبہ 2026-28 کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے افراد کو سستے اور قابل استطاعت گھروں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ’’اپنا گھر اسکیم‘‘ کے تحت اب تک 147,504 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے 53,127 درخواستوں کی منظوری دی جاچکی ہے۔

منظور شدہ درخواستوں کی مجموعی مالیت 313.42 ارب روپے ہے، جبکہ 8,739 درخواست گزاروں کو 45.43 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ان پلاٹس کی نشاندہی کے لیے ایک نظام تیار کیا جارہا ہے جو رہن کے تقاضوں پر پورا اترتے ہوں۔ اسلام آباد کو اس نظام کے لیے پائلٹ شہر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ’’اپنا گھر اسکیم‘‘ کے عمل کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے معروف ہاؤسنگ ڈویلپرز کو بھی اس عمل میں شامل کرنے کا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے بینکوں اور مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ کسانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) اور ہاؤسنگ سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان بینکوں کی حوصلہ افزائی کرے گی جو قرضوں کی فراہمی میں فعال کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کے فروغ کے لیے کام کرنا قومی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے کسانوں کے لیے مالی وسائل تک آسان اور بلاتعطل رسائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اگست 2026 تک زرعی شعبے کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں کا حجم 1.268 ٹریلین روپے رہا، جبکہ فنانس تک رسائی کے منصوبہ 2026-2028 کے تحت جون 2028 تک اسے 2 ٹریلین روپے تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’زرخیز ایپ‘‘ کے تحت آسان قرضوں تک رسائی کے لیے 35,838 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 7.35 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری دی گئی جبکہ 1.96 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔

ایس ایم ای سیکٹر کے لیے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضوں کا حجم اگست 2026 تک 1.067 ٹریلین روپے رہا۔ فنانس تک رسائی کے منصوبہ 2026-2028 کے تحت جون 2028 تک ایس ایم ای سیکٹر کے لیے قرضوں کا حجم 2 ٹریلین روپے تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) نے گزشتہ تین ماہ کے دوران 1,096 ایس ایم ایز کو مالیاتی خواندگی کے حوالے سے تربیت فراہم کی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، محمد اورنگزیب اور ریاض حسین پیرزادہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، آئی بی آر ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار، پاکستانی بینکوں کے صدور و چیف ایگزیکٹو افسران اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %
بلوچستان Previous post بلوچستان میں کامیاب آپریشن، صدر مملکت اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین