
وزیراعظم شہباز شریف کی سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کی ہدایت
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں، جاں بحق افراد کے لواحقین اور سیلاب سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے حالیہ مون سون بارشوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے، جبکہ بارشوں اور سیلاب سے مکمل یا جزوی طور پر متاثر ہونے والے مکانات کے مالکان کو بھی امداد دی جائے۔
انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیلی نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا خود جائزہ لینے اور بحالی کا کام بلا تاخیر شروع کرانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے اور ایسے علاقوں تک خوراک سمیت دیگر ضروری امدادی سامان فوری پہنچانے کی ہدایت کی جہاں رسائی کے مسائل کے باعث تاحال امداد نہیں پہنچ سکی۔
انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو متوقع بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر مکمل طور پر تیار رہنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو 2026 کے مون سون کے اثرات اور صوبائی حکومتوں و این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں میں پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید بارشوں اور سیلاب کی صورت میں عوام کی معاونت کے لیے این ڈی ایم اے اور صوبائی اداروں کی ٹیمیں بھی تیار ہیں۔
بریفنگ کے مطابق مون سون بارشوں سے متاثرہ ملک کے مختلف علاقوں میں اب تک 615 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید امدادی سامان کی ترسیل کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور تعمیرِ نو کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
شمالی علاقوں میں ابتدائی انتباہی نظام بھی فعال ہے، جس کے ذریعے سیلاب آنے سے قبل متعدد شہریوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مدد ملی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ، معین وٹو، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سردار اویس احمد خان لغاری، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔