
وزیراعظم شہباز شریف کی فیول سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کی ہدایت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کے تحت فیول سبسڈی کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، جبکہ عوام کو اسکیم سے متعلق بروقت معلومات اور رہنمائی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکام نے اسکیم پر عملدرآمد اور رجسٹریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ریجن میں اسکیم کے آغاز سے پیر کی سہ پہر تک 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہو چکے ہیں، جبکہ موصول ہونے والی درخواستوں میں سے 42 ہزار 933 درخواست گزار کامیابی سے ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹر ہو چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے سبسڈی ریلیف کے حصول کے لیے رجسٹریشن کی غرض سے بھیجے جانے والے ایس ایم ایس کو مفت کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اسلام آباد کے رہائشیوں کے لیے فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب سے شروع کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ملک بھر، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے پیٹرول پر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے چیف کمشنر اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد سمیت انتظامیہ کو عوام کی رہنمائی کے لیے فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل کی تکمیل میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔
انہوں نے ملک بھر میں عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی عوامی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ رضاکار شہریوں کو فیول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل مکمل کرنے میں بھرپور رہنمائی فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد حکومتی ریلیف سے استفادہ کر سکیں۔